مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ بسیج وہ طاقت ہے جو دنیا کے تمام دشمنوں کے خلاف قوت کا توازن بدل سکتی ہے۔ یہ ایک ایسا استثنائی عطیہ ہے جو خداوند متعال نے ملت ایران کو عطا فرمایا ہے۔
بسیجی کمانڈروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کی تمام افواج کے وسائل محدود ہوتے ہیں، ان کا دائرہ، تعداد اور جسمانی طاقت وقت کے ساتھ ساتھ کمزور ہوجاتی ہے؛ لیکن بسیج کا دائرہ اور توانائی لامحدود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ جیسی بڑی افواج بھی زوال کا شکار ہوجاتی ہیں، مگر بسیج ایک ایسی قوت ہے جو جنگ کے میدان میں ختم ہونے کے بجائے مزید بڑھتی ہے۔
سپاہ پاسداران کے سربراہ نے کہا کہ جب خطرہ زیادہ ہوتا ہے، تو بسیجی زیادہ پُر اعتماد، شاداب اور باحوصلہ ہوتے ہیں۔ جب دشمن قریب آتا ہے، تو وہ مزید بہادر ہوجاتے ہیں۔
جنرل سلامی نے کہا کہ ہم نے اسلامی انقلاب کے آغاز سے لے کر آج تک عالمی سطح کی عسکری اور سیاسی طاقتوں کا سامنا کیا ہے۔ یہ طاقتوں کی صف بندیاں کبھی ختم نہیں ہوئیں، مگر ہر معرکے میں جب بسیجی جوان میدان میں آئے تو فتح مقدر بنی۔
آپ کا تبصرہ