مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان کے علاقے دیر الزہرانی میں فضائی حملے کے دوران حزب اللہ کے ایک اہم کمانڈر کو شہید کر دیا ہے۔
صہیونی فوج کے ترجمان نے دعوی کیا کہ حملے میں محمد علی جمول، جو حزب اللہ کے الشقیف سیکٹر میں میزائل یونٹ کے کمانڈر تھے، کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان کے مطابق محمد علی جمول حالیہ عرصے میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر مارٹر حملوں کی قیادت کر رہے تھے اور حزب اللہ کی عسکری تنصیبات کی بحالی کے عمل میں بھی سرگرم تھے۔
ادھر لبنانی ذرائع نے بتایا ہے کہ علی الصبح اسرائیلی ڈرون طیاروں نے دیر الزہرانی کے علاقے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا۔ المیادین نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نشانہ بننے والی گاڑی میں حزب اللہ کے رکن کی موجودگی کی اطلاعات تھیں۔
حزب اللہ کی جانب سے اس واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
آپ کا تبصرہ