مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے ایک پیغام میں پوپ فرانسس کے انتقال پر ان کے پیروکاروں اور عقیدت مندوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوپ فرانسس نے غیر انسانی رویوں کے خلاف انسان دوستانہ موقف اختیار کیا خاص طور پر اسرائیلی رژیم کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کی مذمت کی جو کہ قابل تعریف ہے۔
ایرانی صدر کے تعزیتی پیغام کا درج ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
نہایت گہرے دکھ کے ساتھ، میں دنیا بھر کے تمام کیتھولک عیسائیوں، ان کے پیروکاروں، اور چاہنے والوں سے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
پوپ فرانسس نے کیتھولکوں کے رہنما کی حیثیت سے اپنی قیمتی زندگی حضرت مسیح ع کی تعلیمات کو پھیلانے کے لیے وقف کر دی، خاص طور پر امن، انصاف، آزادی، بین المذاہب تعامل اور عالمی سلامتی کے حصول کے لئے موثر اور دیرپا کوششیں کیں۔
ان کا دنیا میں جاری غیر انسانی رویے کے خلاف انسانیت دوست مؤقف قابل تعریف تھا، خاص طور پر غزہ میں اسرائیلی حکومت کی نسل کشی کی مذمت اور معصوم فلسطینی خواتین اور بچوں کے قتل عام کے خاتمے کا مطالبہ ان کا واضح موقف تھا جس سے ان کا نام تاریخ میں ہمیشہ کے لیے زندہ رہے گا۔
ایرانی قوم کی جانب سے میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور اسلامی روایت کے مطابق میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ وہ اس مذہبی پیشوا کی روح کو اپنی رحمت اور ابدی سکون عطا فرمائے۔
مسعود پزشکیان
صدر اسلامی جمہوریہ ایران
آپ کا تبصرہ