مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ترکمانستان میں بین الاقوامی امن اور اعتماد کے اجلاس میں ملاقات کی اور تبادلہ خیال کیا۔
اس ملاقات میں دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا اور مشترکہ تعاون کو مضبوط بنانے اور طے شدہ معاہدوں پر عملدرآمد کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس گفتگو کے دوران، دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے ٹرانسپورٹ، ٹرانزٹ اور سرحدی بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے شعبوں میں ایران اور پاکستان کی وسیع صلاحیتوں کا حوالہ دیا، اور ان معاہدوں کو عملی کرنے پر تاکید کی جنہیں ایرانی صدر کے حالیہ دورہ اسلام آباد میں حتمی شکل دی گئی تھی۔
دونوں فریقین نے مواصلاتی راستوں کی ترقی، تجارتی آمد و رفت میں آسانی، اور اقتصادی تعاون کو بہتر بنانے کو تعلقات کی توسیع کی اہم پیشگی شرائط قرار دیا۔
اس ملاقات میں، علاقائی مسائل اور مشترکہ اقدامات کے فریم ورک کے اندر زیادہ ہم آہنگی کی اہمیت پر بھی توجہ دی گئی۔
ایرانی صدر اور وزیراعظم پاکستان نے تاریخی، ثقافتی اور سرحدی مشترکات پر زور دیتے ہوئے، توانائی، تجارت، سرحدی سلامتی، بارڈر مارکیٹوں کی ترقی اور عوامی رابطوں کو بڑھانے کو خطے کے استحکام اور خوشحالی کے لیے ضروری قرار دیا۔
دونوں فریقین نے امید ظاہر کی کہ باہمی معاہدوں پر عملدرآمد کے رفتار میں تیزی آئے گی اور ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھے گا اور دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
آپ کا تبصرہ