مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ نے فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی یوم القدس کی مناسبت سے ایک بیان میں عوام کو اس دن کی تقریبات میں شرکت اور فلسطینی عوام کی حمایت اور یکجہتی کی دعوت دی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو، اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی (رح) کے حکم پر 'یوم القدس' قرار دیا گیا تاکہ فلسطین کی تاریخی سرزمین پر استعماری سازش کے ذریعے قابض، نسل پرست صہیونی حکومت کی تشکیل کی کوششوں کو ناکام بنایا جاسکے۔ آج، اسرائیلی بربریت، فلسطینی عوام کی مظلومیت اور ان کے حق خودارادیت کے لیے مقاومت کی ضرورت پہلے سے زیادہ دنیا کے سامنے واضح ہوچکی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یوم القدس اسلامی دنیا اور ہر آزاد ضمیر رکھنے والے انسان کے لیے ایک منفرد موقع ہے کہ وہ اس تاریخی ناانصافی اور ظلم کے خلاف آواز بلند کریں اور ان مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں جو اسرائیلی جارحیت اور اس کے حامیوں کی استعماری پالیسیوں کا شکار ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ آٹھ دہائیوں سے فلسطینی سرزمین پر قبضہ اور عوام کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ اس دوران، قابض صہیونی حکومت نے وحشیانہ قتل عام اور نسل کشی کے بدترین طریقے اختیار کیے ہیں۔ اسرائیلی نسل پرست حکومت کا مقصد سخت ترین تشدد، جبر، اور توہین کے ذریعے فلسطینیوں اور امت مسلمہ کی مزاحمت کو ختم کرنا اور دنیا کو ایک ایسے معاہدے پر مجبور کرنا ہے جہاں فلسطین کا وجود ہی تسلیم نہ کیا جائے۔
وزارت خارجہ نے غزہ میں حالیہ اسرائیلی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دو برسوں میں خاص طور پر طوفان الاقصی آپریشن کے بعد اسرائیلی حکومت نے امریکی سیاسی، فوجی، مالی اور میڈیا حمایت کے سہارے فلسطینیوں کی نسل کشی کو شدت سے جاری رکھا۔ 50 ہزار سے زائد بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام، غزہ کی مکمل تباہی، وہاں کے عوام پر قحط، بھوک، پیاس مسلط کرنے، اسپتالوں اور طبی مراکز کی تباہی، اور مغربی کنارے میں ہزاروں افراد کی گرفتاریوں نے فلسطین کو ایک ایسے مقام میں بدل دیا ہے جہاں انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی بدترین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
وزارت خارجہ نے اسرائیل کو اسلحہ، مالی اور سیاسی مدد فراہم کرنے والے ممالک، خاص طور پر امریکہ، برطانیہ اور جرمنی کو ان جرائم میں شریک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ممالک بھی ان مظالم کے ذمہ دار ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران فلسطینی عوام کی مزاحمت کو مکمل طور پر جائز سمجھتا ہے اور ان کے تمام انسانی حقوق کی حمایت جاری رکھے گا۔ تمام حکومتوں کو بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے منشور اور انسانی حقوق کے معاہدوں کے مطابق، اسرائیلی قبضے، نسل پرستی، اور نسل کشی کو ختم کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
وزارت خارجہ نے عالمی برادری، خصوصا مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کی عملی اور سفارتی حمایت کو یقینی بنائیں اور فوری، موثر اقدامات کے ذریعے اسرائیلی جرائم و تجاوزات کو روکنے، جنگی مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے، غزہ کے مظلوم عوام کو فوری امداد فراہم کرنے اور فلسطینیوں کی جبری ہجرت کو روکنے کے لیے متحد ہوجائیں۔
آپ کا تبصرہ