مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی جانب سے "وعدہ صادق 2 آپریشن" کے بعد ایرانی مسلح افواج نے ایک بیان میں صہیونی حکومت کو کسی قسم کے جوابی ردعمل کی صورت میں سخت انتباہ کیا ہے۔
مسلح افواج کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ناجائز صہیونی حکومت نے شام اور لبنان میں ایرانی فوجی مشیروں پر حملہ کیا؛ ایرانی قونصل خانے میں شہید جنرل زاہدی اور تہران میں شہید اسماعیل ہنیہ پر حملہ کرکے ایران کی خودمختاری کو پامال کیا؛ حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کو شہید کرنے کے علاوہ غزہ اور لبنان میں ہزاروں معصوم لوگوں کا قتل عام کیا۔ اس سب شرارتوں کا تقاضا تھا کہ صہیونی حکومت کو سخت سزا دی جائے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صہیونی حکومت اور اس کے حامی مخصوصا امریکہ جان لیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے گذشتہ 45 سالوں کے دوران کبھی جنگ میں پہل نہیں کی ہے لیکن اپنے جائز حق کے دفاع اور جارحیت کا مقابلہ کرنے سے کبھی دریغ نہیں کیا ہے۔
مسلح افواج کے بیان میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی فضائیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جلاد صفت صہیونی حکومت کو سزا دینا ایران کا حق تھا۔ اگر صہیونی حکومت کسی قسم کا جوابی ردعمل ظاہر کرے تو اس کا بنیادی انفراسٹرکچر تباہ کردیا جائے گا۔
بیان میں صہیونی حکومت کے حامی ممالک کو انتباہ کیا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف ایکشن لینے کی صورت میں خطے میں ان کے مراکز اور مفادات کو ٹارگٹ بنانے کے علاوہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج سے روبرو ہونا پڑے گا۔
آپ کا تبصرہ