مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطینی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ فلسطینی شماریاتی ادارے "معطی" نے اپنی ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ مغربی کنارے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 28 مختلف مزاحمتی کارروائیاں کی گئی ہیں۔
اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان کارروائیوں میں فائرنگ کا ایک کیس، واچ ٹاور اور اسرائیلی قبضے کے سی سی ٹی وی کیمروں کو آگ لگانے، مولوٹوف کاک ٹیل پھینکنے کے دو واقعات، قابض آباد کاروں کی گاڑیوں پر حملوں اور غاصب صیہونیوں کے ساتھ جھڑپوں کے دیگر 16واقعات شامل ہیں۔
مزاحمتی جوانوں نے کل رات ہیبرون میں صہیونی بستی عساہیل پر گولیاں چلائیں۔ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری جھڑپوں میں متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔
معطی شماریاتی مرکز نے ایک رپورٹ میں یہ بھی بتایا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران 7 اور 13 جولائی کے درمیان مغربی کنارے میں 15 فائرنگ اور دو راکٹوں کے فائر سمیت کل 182 مزاحمتی کارروائیاں ریکارڈ کی گئیں۔
آپ کا تبصرہ