مہر خبررساں ایجسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ مذہبی امور کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مدینہ میں سرکاری اسکیم کے27 ہزار 686 پاکستانی عازمینِ حج موجود ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ 13 ہزار 95 سرکاری عازمینِ حج مدینہ میں 8 روزہ قیام کے بعد مکہ پہنچے ہیں۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق 18 حج گروپ آپریٹرز کے ساتھ 1 ہزار سے زائد پرائیویٹ اسکیم کے عازمین بھی سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ مانیٹرنگ ٹیم نے 12 حج گروپ آرگنائزرز کی فیلڈ اسیسمنٹ مکمل کر لی، معاونین اور طبّی عملہ پر مشتمل 522 ملازمین بھی سعودی عرب میں موجود ہیں۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق مکہ مکرمہ میں 334، مدینہ میں 172 اور جدہ ایئر پورٹ پر 19 افسران و عملہ تعینات ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ عازمین کی قیام گاہوں کے نزدیک قربانی کوپن کی دستیابی کا انتظام کیا جا رہا ہے، رہنمائی اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے سعودی عرب میں ہیلپ لائن قائم کر دی گئی۔