مہر خبررساں ایجنسی نے سعودی خبررساں ادارے واس کے حوالے رپورٹ دی ہے کہ سعودی ٹیکنیکل ٹیم تہران اور مشہد میں سفارتی مشن کے افتتاح کے سلسلے میں درپیش امور کا جائزہ لے گی۔ ٹیم کا یہ سفر دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے لئے ہونے والے معاہدے پر عمل درآمد کا حصہ ہے۔
سعودی ٹیم کے سربراہ ناصر بن عوض الغنوم نے تہران میں وزارت خارجہ کے دفتر میں ایرانی استقبالی امور کے سربراہ ہنر دوست کے ساتھ ملاقات کی۔
سعودی ٹیم نے استقبال اور ٹیم کی آمد کے سلسلے میں انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ہنردوست نے سعودی ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون اور تمام لوازمات آمادہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
یاد رہے کہ چین کی ثالثی میں دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات کی بحالی اور دو مہینے کے اندر سفارتی مشن کا افتتاح کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ اس سلسلے میں گذشتہ جمعرات کو دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے بیجنگ میں ملاقات کی تھی۔ یہ دونوں ممالک کے درمیان سات سال بعد اعلی سطحی ملاقات تھی۔
معاہدے کے تحت دونوں ممالک پروازوں کی بحالی اور شہریوں کو حج و زیارات کے ویزے فراہم کرنے کے سلسلے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔ بیجنگ معاہدے میں خطے میں امن و امان اور سیکورٹی کے استحکام کے لئے باہمی تعاون جیسے امور بھی شامل ہیں۔
آپ کا تبصرہ