مہر خبررساں ایجنسی،بین الاقوامی ڈیسک: 26 اکتوبر کو ایران کے مختلف صوبوں میں فوجی مراکز پر ناکام حملوں کے بعد دنیا بھر میں صہیونی حکومت اور اس کے حامی امریکہ کے خلاف نفرت میں اضافہ ہوا ہے۔ صہیونی حکومت نے امریکی حمایت کے ساتھ ایران پر حملہ کیا۔ ایران نے حملوں کے بعد جوابی کاروائی کا اعلان کیا ہے۔
مبصرین کے مطابق اسرائیل نے ایران پر ناکام حملہ کرکے دنیا میں اپنی مزید رسوائی کا سامان فراہم کردیا ہے۔
امت واحدہ پاکستان کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین امین شہیدی نے مہر نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر حملہ ناکام ہونے کے بعد امریکہ اور اسرائیل دنیا میں مزید بے آبرو ہوگئے ہیں۔
صہیونی حکومت کے حملے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے وعدہ صادق 2 آپریشن کے بعد دنیا میں اسرائیل کی ساکھ ختم ہوگئی۔ دنیا میں اپنی دفاعی اور فوجی طاقت کا ڈھونگ رچانے والے اسرائیل کی دفاعی کمزوریاں وعدہ صادق 2 آپریشن کے بعد کھل کر سامنے آگئیں۔ ایران نے اپنے میزائلوں کے ذریعے اسرائیل کی دفاعی طاقت کے غبارے سے ہوا نکال دی۔
امریکہ اور مغربی ممالک کی بے پناہ امداد کے باوجود ایران نے اپنی دفاعی طاقت سے اسرائیل کو دنیا میں بے آبرو کردیا۔ دوسری طرف اسرائیل کو غزہ میں بھی کوئی قابل ذکر کامیابی نہیں ملی۔ اب تک اسرائیل نے صرف بے گناہ اور معصوم عوام کو ہی شہید کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں صہیونی حکومت امریکہ اور مغربی ممالک کی مدد سے ایران کے خلاف شرارت آمیز اقدام کیا تاکہ اپنی ساکھ کو دوبارہ بحال کرسکے اور وعدہ صادق 2 کی تلافی ہوسکے لیکن ایران نے رہبر معظم کی بہترین حکمت عملی، اپنے مضبوط دفاعی نظام اور طاقتور مسلح افواج کے ذریعے صہیونی حملے کو ناکام بنادیا۔
علامہ امین شہیدی نے کہا کہ ایران پر حملوں میں صہیونی حکومت کے ساتھ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو بھی شکست ہوئی ہے کیونکہ دنیا نے دیکھ لیا کہ اگر کسی ملک کے پاس مضبوط دفاعی نظام اور طاقتور فوج ہے تو اسرائیل اور امریکی اتحادی کچھ نہیں بگاڑ سکتے ہیں۔
صہیونی حکومت کی اس شکست سے فلسطین و لبنانی عوام اور اسلامی جمہوریہ ایران کے دوستوں کو خوشی ہوئی ہے۔
ایران کے انتباہ کے باوجود خطے کے بعض ممالک کی جانب سے صہیونی حکومت کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ چنانچہ ایرانی حکام نے کہا کہ صہیونی حکومت نے امریکی اور اس کے مغربی اتحادیوں کے تعاون سے حملہ کیا ہے۔ ان کی مدد کے بغیر صہیونی حکومت کوئی کاروائی کی صلاحیت نہیں رکھتی ہے۔ خطے کے ممالک اس طرح کی غلطیاں نہیں کرسکتے ہیں۔ یہ ممالک اس قدر طاقتور نہیں ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف کوئی کاروائی کرسکیں یا دشمن کی مدد کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو جارحیت کرنے والے ممالک کے خلاف اپنے دفاع کا حق ہے۔ صہیونی حکومت نے اپنے اقدامات سے ایران کی حاکمیت کو پامال اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ امید ہے کہ ایران صہیونی حکومت کے خلاف جوابی کاروائی کرکے سبق سکھائے گا۔
آپ کا تبصرہ