مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے پیر کی صبح سعد آباد کے تاریخی صدارتی پیلس میں بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کا باضابطہ استقبال کیا۔
خیال رہے کہ بیلاروس کے صدر آیت اللہ رئیسی کی سرکاری دعوت پر ایران کا دورہ کر رہے ہیں۔ لوکاشینکو ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اتوار کی شام تہران پہنچے جہاں ایران کے وزیر صنعت، کان کنی اور تجارت سید رضا فاطمی امین نے ان کا استقبال کیا۔
خیال رہے کہ لوکاشینکو کا یہ تیسرا دورہ ایران ہے۔ انہوں نے اپنا پچھلا دورہ 2006 میں کیا تھا۔ دونوں صدور کی ملاقات ستمبر 2022 میں سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی تھی۔
تہران میں اپنے قیام کے دوران لوکاشینکو رہبر معظم انقلاب آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور متعدد اعلیٰ سرکاری حکام اور سینئر قانون سازوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ امید کی جارہی ہے کہ تجارتی اور اقتصادی تعاون لوکاشینکو کے مذاکرات کے ایجنڈے میں سرفہرست ہوگا جو منسک اور تہران کے درمیان ہمہ جہتی تعاون کا ایک جامع روڈ میپ پیش کرے گا۔
قبل از ایں 22 بہمن پر اپنے ایرانی ہم منصب کے نام ایک پیغام میں انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے بیلاروس کے صدر نے دورہ تہران کی خواہش اور اس امید کا اظہار کیا تھا کہ دوطرفہ مسائل اور موجودہ بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر بات چیت کے لیے جلد ہی تہران کا دورہ کریں گے۔
آپ کا تبصرہ