مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی اور ان کے بیلاروسی ہم منصب الیگزینڈر لوکاشینکو نے صحت، الیکٹرانک اور ٹیلی کمیونیکیشن کی صنعتوں، تیل، گیس اور پیٹرو کیمیکلز اور پاور پلانٹ کی تعمیر کے شعبوں میں متعدد ایرانی کمپنیوں کی نالج بیسڈ صلاحیتوں اور کامیابیوں کی نمائش کا دورہ کیا۔
دونوں صدور کو مختلف کی ادویات، الیکٹرانک اور ٹیلی کمیونیکیشن آلات کے علاوہ پاور پلانٹ کے آلات اور تیل و گیس کے اخراج اور پیٹرو کیمیکل کے شعبے میں ایرانی کمپنیوں کی تازہ ترین کامیابیوں اور پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ بیلاروس کے صدر آیت اللہ رئیسی کی سرکاری دعوت پر ایران کا دورہ کر رہے ہیں۔ لوکاشینکو ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اتوار کی شام تہران پہنچے جہاں ایران کے وزیر صنعت، کان کنی اور تجارت سید رضا فاطمی امین نے ان کا استقبال کیا۔
پیر کی صبح سعد آباد کے تاریخی صدارتی پیلس میں آیت اللہ رئیسی نے ان کا باضابطہ استقبال کیا۔ بعد ازاں ایران اور بیلاروس کے صدور نے دوطرفہ ملاقات کی اور پھر اعلیٰ سطح کے وفود کا مشترکہ اجلاس میں بھی شرکت کی۔
ملاقات کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران اور بیلاروس کے مابین مختلف تجارتی، نقل و حمل، زرعی اور ثقافتی شعبوں میں جامع تعاون کے روڈ میپ اور 7 تعاون کی دستاویزات پر دستخط کیے گئے۔
خیال رہے کہ لوکاشینکو کا یہ تیسرا دورہ ایران ہے۔ انہوں نے اپنا پچھلا دورہ 2006 میں کیا تھا۔ دونوں صدور کی ملاقات ستمبر 2022 میں سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی تھی۔
تہران میں اپنے قیام کے دوران لوکاشینکو رہبر معظم انقلاب آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور متعدد اعلیٰ سرکاری حکام اور سینئر قانون سازوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
آپ کا تبصرہ