14 فروری، 2023، 4:33 PM

صدر رئیسی کے دورے کا بنیادی محور ایران چین 25 سالہ معاہدے پر عمل درآمد ہے، ایرانی حکومتی ترجمان

صدر رئیسی کے دورے کا بنیادی محور ایران چین 25 سالہ معاہدے پر عمل درآمد ہے، ایرانی حکومتی ترجمان

ایرانی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ صدر رئیسی کے دورہ چین میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے 25 سالہ اسٹریٹجک معاہدے اور اقتصادی مسائل پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی حکومت کے ترجمان علی بہادری جہرمی نے منگل کی صبح ایک پریس کانفرنس کے دوران صدر آیت اللہ رئیسی کے دورہ چین اور اس کے مقاصد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ صدر مملکت کا اپنی حکومت کے ڈیڑھ سال سے بھی کم عرصے میں دسواں غیر ملکی دورہ ہے اور اس میں ایران اور چین کے درمیان  تعاون کے 25 سالہ اسٹریٹجک معاہدے کو عملی جامہ پہنانے پر توجہ دی جائے گی جس میں اقتصادی امور پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بتاتے ہوئے کہ اس دورے کے دوران صدر رئیسی کے ہمراہ موجود وفد کی بنیادی ساخت اقتصادی ارکان پر مشتمل ہے، مزید کہا کہ چین ایران کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے، لہذا اس دورے میں اسٹریٹجک اقدامات اقتصادی تعاملات کو فروغ دینے اور تیز کرنے کے میدان میں ہوں گے۔

ایرانی حکومت کے ترجمان نے اپنی بریفنگ کے دوران رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے قیدیوں کی ایک بڑی تعداد کو عام معاف دینے کے فرمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رہبر معظم انقلاب کا حالیہ عام معافی کا فرمان اسلامی جمہوریہ کی طاقت، ہمدردی اور ہمدلی کا ایک اور مظہر ہے۔ ہنگاموں اور فسادات کے آغاز سے ہی رہبر معظم انقلاب نے ان میں جذباتی طور پر حصہ لینے والوں یا پروپیگنڈے سے متاثر ہونے والوں اور منظم انداز میں ان میں حصہ لینے والوں میں فرق رکھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ عام معافی اسی ابتدائی موقف کا تسلسل تھی اور اس اعلان نے ثابت کردیا کہ یہ موقف صرف باتوں کی حد تک نہیں تھا بلکہ عمل کے میدان میں بھی ظہور پذیر ہے۔ اس موقف سے ملک کے امن کو ہر ممکن مدد ملے گی اور جذبات کی رو میں بہہ جانے والوں کے لیے راستہ کھلا ہے۔ ان شاء اللہ ہم سب اس قابل بنیں کہ قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے زیادہ تعمیری بات چیت کرسکیں تاکہ ایران کو ہر ممکن حد تک خوشحال بنایا جا سکے۔

یاد رہے کہ ایرانی صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی آج منگل کی صبح بیجنگ کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پہنچے اور عوامی جمہوریہ چین کے ثقافت اور سیاحت کے وزیر نے ان کا استقبال کیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے کسی صدر کی جانب سے 20 سال بعد چین کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔

News ID 1914743

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha