مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس نیوز سے نقل کیاہےکہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں قائم سینٹورس مال میں اچانک بھڑکنے والی آگ پر امدادی ٹیموں کی بروقت کوششوں سے قابو پالیا گیا، تھانہ مارگلہ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج مقدمے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مال کو نامعلوم ملزمان نے آگ لگائی۔
آتشزدگی کے نتیجے میں فوڈ کورٹ میں بنے ریسٹورنٹ کے علاوہ کسی اور دکان کو نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی اس حادثے میں کوئی شخص زخمی ہوا۔
آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں سمیت سینیئر پولیس، انتظامیہ کے افسران اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود تھے جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل پلان جاری کیا گیا۔
ریسکیو ٹیموں نے شاپنگ مال میں پھنسے افراد کو عقبی راستے ایف ایٹ کی جانب سے باحفاظت نکالا جس کے بعد ٹیمیں مال کے اندر سرچ آپریشن بھی کیا۔ آگ بجھانے کے لیے فائربریگیڈ ریسکیو اور ہیلی کاپٹر کی بھی طلب کی گئیں۔
آگ کی اطلاع موصول ہوتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچیں جبکہ پاک بحریہ کی ٹیم اور تین فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچیں۔
آگ لگنے کے بعد سینٹورس مال کی تیسری منزل سے دھواں بلند ہوا اور آسمان پر دھوئیں کے بادل دکھائی دیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کا واقعہ سینٹورس مال کی تیسری منزل پر واقع ریسٹورنٹ میں لگی۔
شاپنگ مال میں لگنے والی آگ کا مقدمہ تھانہ مارگلہ میں درج
سینٹورس مال میں لگنے والی آگ کا مقدمہ تھانہ مارگلہ میں ایچ او متین چوہدری کی مدعیت میں دفعہ 436 کے تحت درج کرلیا گیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ نامعلوم افراد نے شاپنگ مال کو نامعلوم وجوہات پر اگ لگائی۔ ٹاور اے شدید آگ کی لپیٹ میں تھا،ریسکیو ادارے آگ بجھانے میں مصروف تھے۔
آپ کا تبصرہ