مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کی مناسبت سے صدر شی جن پنگ اور چین کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دنیا کو جن چیلنجز کا سامنا ہے ان پر قابو پانے کے لیے ضروری ہے کہ آزاد ممالک کے باہمی تعاون میں اضافہ ہو اور مشترکہ انسانی مفادات کی فراہمی کے لیے عالمگیر راہیں تلاش کی جائیں۔
صدر رئیسی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ایران اور چین دو آزاد اور دوسرے ملکوں کے اندرونی معاملات میں یکطرفہ مداخلت کے مخالف ممالک کی حیثیت سے تعلقات کی جامع توسیع کے لئے بہت سے مشترکات رکھتے ہیں۔
انہوں نے تاکید کی کہ بلاشبہ جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے نفاذ کے لیے تہران اور بیجنگ کا سنجیدہ عزم تعلقات کو مضبوط بنانے اور دونوں ملکوں کے اہداف اور مشترکہ مفادات کے تحقق کے لیے ایک واضح تناظر پیش کرتا ہے۔ انہوں نے دوطرفہ اور کثیرالجہتی میکانزم کے فریم ورک میں چین کے ساتھ جامع تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی آمادگی پر بھی زور دیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 16 ستمبر کو ایران اور چین کے صدور نے شنگھائی سربراہی اجلاس کے موقع پر آمنے سامنے ملاقات کی تھی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے دوطرفہ تعلقات سے متعلق اہم ترین امور پر تبادلہ خیال اور فیصلہ کیا تھا۔
آپ کا تبصرہ