مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین محمد حسن ابو ترابی فرد کی امامت میں منعقد ہوئی۔ جس میں لاکھوں مؤمنین نے شرکت کی۔ خطیب جمعہ نے سعودی عرب کے حکام کے ہاتھوں مظلوم اور ستمدیدہ مسلمانوں پر ظلم و ستم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرزمین حجاز کے حکمراں، بےگناہ عربوں کا خون بہا کر امت مسلمہ کے غصہ کو شعلہ ور کررہے ہیں۔
خطیب جمعہ نے 15 شعبان المعظم امام زمانہ (عج) کی ولادت باسعادت اور نئے شمسی سال کی آمد کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تقوی اور پرہیزگاری اہم عمل ہے لہذا موجودہ سال کا اختتام اور نئے سال کا آغاز تقوی و پرہیزگاری سے ہونا چاہیے۔
خطیب جمعہ نے 15 شعبان کو عید اکبر قراردیتے ہوئے کہا کہ امام زمانہ (عج) دنیا پر اللہ تعالی کا نظام نافذ کریں گے اور اس سلسلے میں ہمیں مہدوی حکومت اور مہدوی سماج کے بارے میں بحث اور تبادلہ خیال کرنا چاہیے اور حکمرانی کے سلسلے میں مالک اشتر کے نام حضرت علی علیہ السلام کے خط پر بھی خاص توجہ مبذول کرنی چاہیے کیونکہ یہ خط امام زمانہ (عج) کی حکومت کا منشور ہوسکتا ہے۔
خطیب جمعہ نے کہا کہ امام زمانہ (عج) کی حکومت میں حقیقی عدل و انصاف کا قیام ہوگا اور دنیا میں حقیقی امن و سلامتی انھیں کے ہاتھوں محقق ہوگی۔
خطیب جمعہ نے یوکرائن جنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یوکرائن کے عوام کی مشکلات پر ہمیں سخت صدمہ ہے ۔ امریکہ اور مغربی ممالک یوکرائن میں جاری جنگ کے اصلی ذمہ دار ہیں اسی لئے وہ یوکرائن کے عوام کے لئے مگر مچھ کے آنسو رو رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یوکرائن جنگ نے دنیا کے سامنے مغربی ممالک کی مکاری اور عیاری کا پردہ فاش کردیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ مغربی ممالک کی یمن پر مسلط کردہ جنگ اور یوکرائن میں جاری جنگ کے بارے میں دوگانہ پالیسی نے مغربی ممالک کے انسانی حقوق کا پردہ بھی چاک کردیا ہے۔ یوکرائن جنگ نے امریکہ اور مغربی ممالک کو دنیا میں رسوا کردیا ہے۔ دنیا میں مغربی ممالک کی یکطرفہ اور تسلط پسندانہ پالیسیوں کا خاتمہ ہوگیا ہے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین ابو ترابی فرد نے یمن کے مظلوم اور معصوم عوام کے خون میں ہاتھ رنگنے والے سعودی اور عرب حکام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے مجرمانہ اور ظالمانہ اقدامات سے امت مسلمہ کا غصہ شعلہ ور ہورہا ہے۔
خطیب جمعہ نے ایرانی سپاہ کی طرف سے عراق کے شہر اربیل میں اسرائیل کے خفیہ ایجنسی موساد کے ٹھکانے کو تباہ کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائيل کی خفیہ ایجنسی موساد کو ایران کے ہمسایہ ممالک میں ایران کے خلاف اقدامات کی اجازت نہیں دی جائےگی۔
آپ کا تبصرہ