مہر خبررساں ایجنسی نے آناتولی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ترکی نے انقرہ میں امریکی سفارتخانہ اور قونصلخانوں کی طرف سے ترک شہریوں کے لئے ویزوں کا اجراء معطل ہونے کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے واشنگٹن میں امریکی شہریوں کے لئے ویزوں کا اجراء معطل کردیا ہے۔ ترک سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ وہ ترکی میں امریکی اقدامات اور مداخلت کا جائزہ لے رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ترکی میں موجود امریکی سفارتی مشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے اس کے ایک ملازم کی گرفتاری کے بعد سکیورٹی خدشات کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ انقرہ میں امریکی سفارتخانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی میں پیش آنے والے حالیہ واقعہ نے امریکی سفارتی عملے کے تحفظ کے حوالے سے ترکی کے عزائم پر سوالات کھڑے کردیئے ہیں اور امریکہ اس کا از سر نو جائزہ لے رہا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اس دوران ترکی میں امریکی سفارتخانے اور قونصل خانوں میں لوگوں کی آمد کو محدود کرنے کے لیے فوری طور پر غیر معینہ مدت کے لیے ویزا سروسز معطل کردی گئی ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ترک حکام نے استنبول سے امریکی قونصل خانے کے ایک ملازم کو امریکہ میں خودساختہ جلاوطنی کاٹنے والے ترک مبلغ فتح اللہ گولن سے تعلقات کے شبہ میں حراست میں لے لیا تھا۔ امریکہ نے اس گرفتاری پر مذمت کرتے ہوئے ترکی کے اس الزام کو بے بنیاد اور تعلقات کے لیے نقصان دہ قرار دیا تھا۔ ترکی کے ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والا شخص ترک شہری ہے جسے جاسوسی اور آئین کو نقصان پہنچانے کے الزامات پر حراست میں لیا گیا ہے۔
ترکی نے انقرہ میں امریکی سفارتخانہ اور قونصلخانوں کی طرف سے ترک شہریوں کے لئے ویزوں کا اجراء معطل ہونے کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے واشنگٹن میں امریکی شہریوں کے لئے ویزوں کا اجراء معطل کردیا ہے۔
News ID 1875828
آپ کا تبصرہ