21 اگست، 2017، 11:10 AM

حسینہ واجد کے قتل کا منصوبہ بنانے والے 10 دہشت گردوں کو سزائے موت سنادی گئی

حسینہ واجد کے قتل کا منصوبہ بنانے والے 10 دہشت گردوں کو سزائے موت سنادی گئی

بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے قتل کا منصوبہ بنانے والے 10 وہابی دہشت گردوں کو سزائے موت سنادی گئی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے اے ایف پی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بنگلہ دیش کی  وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے قتل کا منصوبہ بنانے والے 10  وہابی دہشت گردوں کو سزائے موت سنادی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بنگلہ دیش کی مقامی عدالت نے سن 2000 میں شیخ حسینہ واجد کو بم دھماکے کے ذریعے قتل کرنے کی منصوبہ بندی  کرنے والے 10 وہابی دہشت گردوں کو سزائے موت سنائی جنہیں فائرنگ اسکواڈ کے سامنے کھڑا کیا جائے گا۔ پراسیکیوٹر شمس الحق بدول نے اے ایف پی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن افراد کو سزائے موت سنائی گئی ہے وہ شیخ حسینہ واجد کو قتل کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ان لوگوں نے سن 2000 میں اس مقام پر دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا جہاں پہلی بار وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد حسینہ واجد خطاب کرنے والی تھیں تاہم ان کامنصوبہ کامیاب نہ ہوسکا۔

واضح  رہے کہ سکیورٹی اہلکاروں نے بم کا سراغ لگالیا تھا جس میں 76 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا اور اسے بروقت ناکارہ بھی بنادیا گیا تھا جس کے بعد اس منصوبے میں ملوث افراد کی تلاش شروع کردی گئی تھی۔ بنگلہ دیشی پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس منصوبے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ حرکت الجہاد الاسلامی کے معدوم مفتی عبدالحنان تھے۔ عبدالحنان کو رواں برس اپریل میں پھانسی دی جاچکی ہے۔ ان پر 2004 میں برطانوی سفیر برائے بنگلہ دیش پر دستی بم حملے میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔ پراسیکیوٹر شمس الحق کے مطابق  اس مقدمے میں جن دہشت گردوں کو سزائے موت سنائی گئی ہے وہ شیخ حسینہ واجد کو قتل کرکے ملک میں شدت پسندانہ نظام نافذ کرنا چاہتے تھے کیوں کہ ان کے خیال میں حسینہ واجد مسلمان نہیں بلکہ بھارتی ایجنٹ ہیں اور ان کا خاتمہ کیے بغیر بنگلہ دیش میں ان کا اسلامی نظام نہیں قائم کیا جاسکتا۔ ملزمان پر چرچ اور دیگر مقامات پر حملوں میں ملوث ہونے کے بھی الزامات تھے۔

دہشت گردوں کے وکیل فاروق احمد کا کہنا ہے کہ وہ فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے کیوں کہ اس کیس میں کافی سوالوں کے جواب ملنا باقی ہیں اور ان کے موکلوں کو انصاف نہیں ملا۔ یاد رہے کہ شیخ حسینہ واجد پر اگست 2004 میں بھی ایک قاتلانہ بم حملہ ہوا تھا جس میں وہ بچ نکلی تھیں تاہم اس میں 22 افراد ہلاک ہوگئے تھے، اس وقت حسینہ واجد اپوزیشن رہنما تھیں اور وہ معمولی زخمی ہوئی تھیں۔

News ID 1874710

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha