مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی سیاسی جماعت تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ جمہوریت کو نقصان پہنچانے اور شریف خاندان کی بادشاہت قائم کرنے کی ہر کوشش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور حکومت کی کسی دھمکی سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ اطلاعات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ مخالف سیاسی جماعتوں کو قانون کے غلط استعمال کے ذریعہ ڈرا دھمکا کر نواز شریف کی بادشاہت قائم کرنے کی مسلم لیگ (ن) کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے دھاندلی کے خلاف ہمارے دھرنے کے دوران بھی انسداد دہشت گردی ایکٹ کا غلط استعمال کیا اور ہمارے خلاف مقدمات میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں، اب مجھے سائبر کرائم بل کے ذریعے دھمکایا جارہا ہے۔عمران خان نے کہا کہ ہم ان دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے، جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی تمام کوششوں، شریف خاندان کی بادشاہت قائم کرنے اور آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف عمران خان کی تمام ریلیاں اور دھرنے دھرے رہ گئے اور وہ نواز شریف کے خلاف ہر محاذ پر ناکام رہے ہیں۔
پاکستان کی سیاسی جماعت تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ جمہوریت کو نقصان پہنچانے اور شریف خاندان کی بادشاہت قائم کرنے کی ہر کوشش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور حکومت کی کسی دھمکی سے مرعوب نہیں ہوں گے۔
News ID 1871088
آپ کا تبصرہ