مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں دہشت گردوں نے 6 مقامات پر حملے کیے، دھماکوں اور فائرنگ کے یکے بعد دیگرے واقعات میں 129 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ حملوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کرلی۔
پہلا واقعہ پیرس کے مشرقی حصے میں کنسرٹ ہال میں پیش آیا۔ کنسرٹ ہال میں 1500 سے زائد افراد موجود تھے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ کنسرٹ ہال میں یرغمال بنائے جانے والے شہریوں کو بازیاب کرانے کے لیے پولیس کی بھاری نفری طلب کی گئی۔ فرانسیسی پولیس کے مطابق شہریوں کی بازیابی کے لیے کیے جانے والے ریسکیو آپریشن کے دوران ہال میں مسلح افراد نے فائرنگ کی جس سے 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں 4 حملہ آور بھی ہلاک ہوئے۔ ان میں سے 3 حملہ آوروں نے خود کش جیکٹس کے کے ذریعے دھماکے کیے جبکہ ایک کو پولیس نے فائرنگ سے نشانہ بنایا۔
دوسرا نشانہ پیرس کے شمالی حصے میں قائم فٹبال اسٹیڈیم کو بنایا گیا۔ فرانس کے نیشنل اسٹیڈیم کے باہر 3 زور دار دھماکے سنے گئے، جس وقت دھماکے ہوئے اس وقت فرانس کے صدر فرانسو اولاندے اپنی کابینہ کے ہمراہ فرانس اور جرمنی کا دوستانہ میچ دیکھ رہے تھے۔ خود کش دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ تاہم سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اسٹیڈیم کے باہر 3 بم دھماکے ہوئے جن میں سے ایک مبینہ طور پر خودکش تھا۔ فرانسیسی صدر فرانسو اولاندے جو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے لیے موجود تھے، جنھیں دھماکوں کے فوری بعد اسٹیڈیم سے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
تیسرا حملہ پیر تیسرا حملہ پیرس کے مشرقی حصے میں قائم ایک ہوٹل کے قریب ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ہوٹل کے قریب 18 افراد ہلاک ہوئے۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کا نشانہ جاپانی ہوٹل تھا جبکہ ہوٹل کے قریب 2 سے 3 منٹ تک فائرنگ کی گئی۔
پیرس کے شمالی حصے میں کمبوڈیا کے ایک ریسٹورنٹ کے قریب بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ ریسٹورنٹ کے باہر 30 سیکنڈز تک فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔
پیرس میں نشانہ بنائے گئے کنسرٹ ہال بٹکلان سے کچھ فاصلے پر واقع ایک پیزا سینٹر کے قریب بھی فائرنگ کی گئی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حملہ آوروں کے پاس جدید اسلحہ تھا جس سے وہ فائرنگ کر رہے تھے۔ فائرنگ سے 5 افراد ہلاک ہوئے جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔
فرانس کے عدالتی ذرائع سے سامنے آنے والی معلومات کے مطابق کنسرٹ ہال سے متصل بلیورڈ والٹائر میں بھی ایک دھماکہ ہوا۔ دھماکہ مبینہ طور پر ایک حملہ آور کی خود کش جیکٹ پھٹنے سے ہوا،تاہم اس کے نتیجے میں کسی شخص کے زخمی یا ہلاک ہونے کی فوری اطلاع سامنے نہیں آ سکی۔
آپ کا تبصرہ