17 اپریل، 2025، 6:26 PM

سعودی وزیر دفاع کی رہبر معظم سے ملاقات، شاہ سلمان کا خط پہنچایا

سعودی وزیر دفاع کی رہبر معظم سے ملاقات، شاہ سلمان کا خط پہنچایا

رہبر معظم انقلاب نے سعودی وزیر دفاع سے ملاقات کے دوران کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں توسیع دشمنوں پر ناگوار گزر رہی ہے جس پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے تہران میں رہبر معظم آیت اللہ العظمی خامنہ ای سے ملاقات کی اور سعودی شاہ سلمان بن عبد العزیز کا پیغام پہنچایا۔

اس موقع پر رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں توسیع دشمنوں کو ناگوار گزر رہی ہے لیکن ان معاندانہ ارادوں پر قابو پانا ضروری ہے اور ہم اس کے لیے پوری طرح آمادہ ہیں۔

رہبر انقلاب نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات دونوں ممالک کے لیے مفید ہیں۔ دونوں ممالک مل کر باہمی مفادات کے لیے کام کرسکتے ہیں۔

آیت‌اللہ خامنہ‌ای نے ایران کی سائنسی پیشرفت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران ان شعبوں میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔

رہبر انقلاب نے مزید کہا کہ خطے کے مسلمان ممالک کے درمیان بھائی چارہ، تعاون اور باہمی مدد دوسروں پر انحصار کرنے سے کہیں بہتر ہے۔

اس موقع پر سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان نے رہبر معظم کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا خصوصی پیغام پیش کیا۔

وزیر دفاع خالد بن سلمان نے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں سعودی فرمانروا کی جانب سے ایران کے ساتھ تعلقات کی توسیع اور ہر میدان میں تعاون کے ایجنڈے کے ساتھ تہران آیا ہوں۔ ہمیں امید ہے کہ یہ تعمیری گفتگو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو پہلے سے زیادہ مضبوط بنائے گی۔

ملاقات میں ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف، جنرل محمد باقری بھی موجود تھے۔

News ID 1931942

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha