مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، برطانیہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں آبادکاری منصوبے کے خلاف اعتراض کرتے ہوئے اسرائیلی حکومت سے منصوبہ فوری روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ نے اسرائیلی ناظم الامور کو طلب کرکے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں آبادکاری منصوبے کے لیے ٹینڈر جاری کرنے پر شدید اعتراض ریکارڈ کرایا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق برطانوی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی نمائندے کو طلب کرکے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بنیامین نیتن یاہو کی حکومت فوری طور پر آبادکاری منصوبے سے دستبردار ہو۔
برطانوی وزارت خارجہ نے اسرائیلی حکومت کی جانب سے منصوبے کے لیے ٹینڈر جاری کرنے کے اقدام کو ناقابل قبول اور نقصان دہ قرار دیا۔
دوسری جانب آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وانگ نے کہا ہے کہ ایک آسٹریلوی امدادی کارکن کی ہلاکت کے معاملے میں مناسب قانونی کارروائی نہ کیے جانے پر اسرائیلی سفیر کو طلب کیا جائے گا۔
آسٹریلوی وزارت خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے مذکورہ امدادی کارکن کی ہلاکت میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری کارروائی نہ کرنے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
آپ کا تبصرہ