مہر خبررساں ایجنسی نے عرب ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اردن کے ایک پولیس ٹریننگ سینٹر میں سیکیورٹی اہلکار کی فائرنگ سے 2 امریکی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ واقعہ اردن کے دارالحکومت عمان میں پیش آیا جہاں عراقی اور فلسطینی پولیس اہلکاروں کی تربیت کے لیے امریکہ کی جانب سے قائم کیے گئے پولیس تربیتی سینٹرمیں تربیتی پروگرام جاری تھا کہ سیکیورٹی پر مامورایک اردنی پولیس اہلکار نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں امریکی فوج سے تعلق رکھنے والے 2 ٹرینرہلاک جب کہ چند افراد زخمی ہوگئے، فائرنگ کے بعد حملہ آور سیکیورٹی اہلکار نے بھی خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی۔ زخمی ہونے والے افراد میں جرمن اہلکار بھی شامل ہیں جو وہاں تربیتی پروگرام کے سلسلے میں موجود تھے۔ اردنی حکام اور عمان کے امریکی سفارت خانے کی جانب سے اس واقعے پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا جب کہ فوری طور پر واقعے کی کوئی وجوہات بھی سامنے نہیں آسکی ہیں۔
آپ کا تبصرہ