مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے عراق کی سرزمین سے امریکی اور دیگر غیر ملکی فوجیوں کے انخلا پر عراقی حکومت کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے اس واقعے کو ایک تاریخی کامیابی، قومی فتح اور عراقی عوام کی مزاحمت کا نتیجہ قرار دیا۔
المشاط نے عراق پر امریکا کے دو دہائیوں سے زائد عرصے تک جاری قبضے اور تسلط کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی اقدام عراقی عوام اور مجاہدین کی مزاحمت، قربانیوں اور جدوجہد کا نتیجہ ہے اور مکمل حاکمیت و آزادی کے حصول کے ان کے بنیادی حق کو مستحکم کرتا ہے۔
یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم آزادی اور عزت کے حصول کی راہ میں عراقیوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ان کے شہدا، زخمیوں اور مجاہدین کو سلام پیش کرتے ہیں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی محکمہ جنگ نے بدھ کو باضابطہ طور پر عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا کا اعلان کیا تھا۔
آپ کا تبصرہ