مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ماسکو میں بارہواں آندرے اسٹینین بین الاقوامی فوٹوگرافی مقابلہ باضابطہ طور پر شروع ہوگیا ہے۔ یہ مقابلہ نوجوان فوٹوگرافروں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں عالمی سطح پر مواقع فراہم کرنے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے۔
شرکاء اپنے فوٹوز 28 فروری 2026 تک روسی یا انگریزی زبان میں رسمی ویب سائٹس کے ذریعے جمع کروا سکتے ہیں۔ یہ مقابلہ آندری اسٹنین کی یاد میں منعقد ہوتا ہے، جو 2014 میں اپنے پیشہ وارانہ فرائض کے دوران ڈونٹسک کے قریب اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
مقابلہ چھ کیٹیگریز میں منعقد ہوگا: "اہم خبریں"، "کھیل"، "میرا سیارہ"، "پورٹریٹ: ہمارے دور کے ہیرو"، "اوپر سے منظر" اور نئی کیٹیگری "انرجی زندگی"۔ پانچ کیٹیگریز نوجوان فوٹوگرافروں (18 سے 33 سال) کے لیے ہیں اور "انرجی زندگی" 34 سال اور اس سے زیادہ عمر کے فوٹوگرافروں کے لیے ہے۔ کچھ کیٹیگریز میں تصاویر کی سیریز اور انفرادی تصاویر دونوں جمع کروائی جا سکتی ہیں، جبکہ کچھ میں صرف انفرادی تصاویر قبول ہوں گی۔
ہر کیٹیگری میں پہلی پوزیشن لینے والے کو 1 لاکھ 25 ہزار روبل، دوسری پوزیشن والے کو 1 لاکھ اور تیسری پوزیشن لینے والے کو 75 ہزار روبل انعام دیا جائے گا جبکہ گرینڈ پرائز لینے والے کو 7 لاکھ روبل دیا جائے گا۔ انعامات کی تقریب ستمبر تا نومبر 2026 میں ماسکو میں منعقد ہوگی۔
ایران میں مہر نیوز اس مقابلے کا بین الاقوامی میڈیا پارٹنر ہے، اور منتخب تصاویر کی نمائش تهران میں بھی منعقد ہوگی تاکہ ایرانی ناظرین عالمی تصویری صحافت سے روشناس ہوسکیں۔
آپ کا تبصرہ