مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کے مطابق، ہیئت سید الشہداء العالمیہ کے زیر اہتمام ایام فاطمیہ کے سلسلے میں منعقدہ تیسری مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید شمیم رضا رضوی نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا وہ پہلی شخصیت ہیں جنہوں نے ولایت کے دفاع میں اپنی جان قربان کی۔
انہوں نے کہا کہ مدینے میں جب کوئی امیرالمومنینؑ کا ساتھ دینے والا نہ تھا، اس وقت جناب سیدہؑ نے ولایت اور امامت کے دفاع کے لیے خود کو سپر بنایا اور ناکثین و قاسطین کے خلاف عملی جدوجہد کی۔
مولانا رضوی نے کہا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ رضوان جنت حسنین کریمینؑ کے لیے لباس تیار کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں تاکہ قیامت تک ان کا ذکر جاری رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت زہراؑ کا حق غصب کرنے والوں کی کبھی بخشش ممکن نہیں، روایت میں ہے کہ اگر تمام انبیاء اور مقرب فرشتے بھی ان کے حق میں شفاعت کریں تو اللہ تعالی ان کی شفاعت قبول نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ جناب سیدہؑ کے نام کا احترام کرنے کی وجہ سے حُر کو توبہ نصیب ہوئی اور وہ شہداء کربلا میں شامل ہوئے۔ اسی طرح اگر ہم بھی حقیقی معنوں میں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا سے توسل کریں تو سعادت حاصل کرسکتے ہیں۔ مولانا رضوی نے مزید کہا کہ کفر اور نفاق کو پہچاننے کا معیار حضرت فاطمہؑ ہیں۔
یاد رہے کہ ہر سال ہیئت سید الشہداء العالمیہ کی جانب سے ایام فاطمیہ میں تین روزہ مجالس عزا کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں برصغیر سے تعلق رکھنے والے معروف شعراء اور نوحہ خواں بھی شرکت کرتے ہیں۔
آپ کا تبصرہ