مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ اسلامی انقلاب کے بعد ایرانی طلباء کی جانب سے امریکی سفارتخانے پر قبضہ عالمی استکبار کے خلاف مزاحمت کی ایک تاریخی علامت ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب نے 13 آبان (4 نومبر) کی مناسبت سے جاری بیان میں کہا کہ امریکی سفارتخانے پر قبضہ اسلامی ایران کی باشعور قوم کی جانب سے مزاحمت اور غلامی میں سے بہترین آپشن کے انتخاب کی علامت ہے۔
بیان میں ایرانی قوم کو 13 آبان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ واقعات امریکہ کی جارحانہ اور مجرمانہ فطرت کے نمونے ہیں، اور یہ ثابت کرتے ہیں کہ ایران کے انقلابی عوام کبھی بھی عالمی استکبار کے فریب میں نہیں آئیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ چار دہائیوں کے تجربات اور امریکہ کی مسلسل مخاصمت آمیز پالیسیوں سے واضح ہوتا ہے کہ یہ دشمنی محض سیاسی غلط فہمی نہیں بلکہ مفادات کے بنیادی تصادم پر مبنی ہے۔ 1953 کی بغاوت سے لے کر آج کی پراکسی جنگوں تک، دباؤ، دھمکی اور مداخلت کا سلسلہ جاری ہے۔
پاسداران انقلاب نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ جاننا چاہیے کہ عالمی استکبار سے مقابلہ محض نعرہ بازی نہیں بلکہ تاریخی حقیقتوں پر مبنی ہے۔
واضح رہے کہ ایران میں 13 آبان کو عالمی استکبار کے خلاف جدوجہد کا قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے، جس موقع پر طلباء ملک گیر ریلیاں نکالتے ہیں اور 1979 کے اسلامی انقلاب سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں۔
آپ کا تبصرہ