2 اکتوبر، 2025، 4:13 PM

غزہ میں صہیونی مظالم کے سامنے اقوام متحدہ بے بس، امریکی ویٹو انصاف کی راہ میں رکاوٹ، ایرانی سفیر

غزہ میں صہیونی مظالم کے سامنے اقوام متحدہ بے بس، امریکی ویٹو انصاف کی راہ میں رکاوٹ، ایرانی سفیر

اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر نے سلامتی کونسل کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے ویٹو نے صہیونی حکومت کو فلسطینیوں کے حقوق پامال کرنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب اور سفیر امیر سعید ایروانی نے جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جاری بحران کو ختم کرنے میں سلامتی کونسل مکمل طور پر مفلوج اور بے بس ہوچکی ہے۔ اسرائیلی مظالم کو روکنے کی تمام عالمی کوششیں امریکہ کے مسلسل ویٹو کے باعث ناکام ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ حالیہ مہینوں میں چھٹی بار سلامتی کونسل فلسطینی عوام پر جاری وحشیانہ حملوں کو روکنے کے لیے قرارداد منظور کرنے میں ناکام رہی ہے، جس کی بنیادی وجہ امریکہ کی جانب سے ویٹو پاور کا مسلسل غلط استعمال ہے۔

ایرانی مندوب نے کہا کہ یہ رکاوٹ نہ صرف عالمی برادری کی انصاف، امن اور فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کی حمایت کے برخلاف ہے بلکہ امریکہ کے اس دعوے کی بھی نفی کرتی ہے کہ وہ امن کا داعی ہے، جب کہ عملی طور پر وہ قابض اسرائیلی حکومت کو تحفظ فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت گزشتہ آٹھ دہائیوں سے غیر قانونی اور مجرمانہ پالیسیوں پر عمل پیرا ہے، جو گزشتہ دو برسوں میں منظم اور اندھا دھند بمباری کی صورت اختیار کرچکی ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں بے گناہ شہری، خواتین اور بچے شہید ہوچکے ہیں۔

ایروانی نے ان اقدامات کو بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی، غیر قانونی محاصرہ، بھوک کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا، جبری قبضہ، گھروں کی مسماری، اور اسلامی و مسیحی مقدس مقامات پر حملوں جیسے جرائم نے غزہ کو کھنڈر بنا دیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ تمام اقدامات انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کے زمرے میں آتے ہیں، جنہیں بین الاقوامی فوجداری عدالت کے روم اسٹیچیوٹ کے تحت تسلیم کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کی آزاد تحقیقاتی کمیشن نے بھی صہیونی حکومت کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نسل کشی کا مرتکب قرار دیا ہے۔

ایران نے عالمی برادری پر زور دیا کہ فلسطین میں نسل کشی اور قبضے کا خاتمہ کیا جائے اور ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے جسے اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت حاصل ہو۔

ایرانی مندوب نے کہا کہ فلسطینی عوام کے حقوق، بالخصوص خود ارادیت اور انصاف کی فراہمی عالمی برادری کی اجتماعی ذمہ داری ہے، اور اس تاریخی بحران کا واحد پائیدار حل وہی ہے جو بغیر کسی بیرونی مداخلت یا دباؤ کے ان حقوق کی مکمل ضمانت دے۔

News ID 1935715

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha