مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عمان کے وزیر خارجہ بدر بن حمد البوسعیدی نے اعلان کیا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری مذاکرات کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں بدستور جاری ہیں، اگرچہ فی الوقت کسی معین تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، البوسعیدی نے اس بات کی تصدیق کی کہ عمان ایران اور اسرائیل کے مابین کشیدگی میں کمی، جنگ بندی کی حمایت اور ایران-امریکہ مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے، تاکہ خطے میں امن اور استحکام کو ممکن بنایا جاسکے۔
وزیر خارجہ عمان نے کہا کہ ان کا ملک علاقائی اور بین الاقوامی بحرانوں کے حل کے لیے پرامن، سفارتی راہوں پر یقین رکھتا ہے اور ہمیشہ مذاکرات اور گفتوگو کی حمایت کرتا آیا ہے۔
البوسعیدی نے امریکہ اور ایران دونوں پر زور دیا کہ وہ اپنی سنجیدہ نیتیں ظاہر کریں تاکہ باہمی اعتماد کی بنیاد پر مذاکرات کو دوبارہ آغاز دیا جاسکے۔
انہوں نے ساتھ ہی مصر کے کردار کو سراہا جو غزہ میں کشیدگی کم کرنے اور انسانی و سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے عرب اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ عمان مصری امن منصوبے اور غزہ کی تعمیر نو کے لیے عربی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
آپ کا تبصرہ