25 جون، 2025، 10:10 PM

ایرانی قوم متحد، وفادار اور فداکار ہے، حکومت کا قوم کے نام پیغام

ایرانی قوم متحد، وفادار اور فداکار ہے، حکومت کا قوم کے نام پیغام

ایرانی حکومت نے قوم کے نام پیغام میں ایرانی قوم کے اتحاد، ملک سے وفاداری اور قربانی کے جذبے کو سراہا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی حکومت نے صہیونی حکومت کے ساتھ حالیہ جنگ میں مسلح افواج اور حکومت کے ساتھ یکجہتی اور آپس میں اتحاد کا مظاہرہ کرنے پر ایرانی قوم کی قدردانی کی ہے۔

حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوری ایران کی حکومت، رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ‌ای (حفظہ اللہ) کی حکیمانہ قیادت اور حکومت پر ان کے اعتماد اور حمایت پر شکریہ ادا کرتی ہے۔ ہم ملک کے تمام طبقات، دانشوروں، سول سوسائٹی کے کارکنوں، سیاستدانوں، روشن خیالوں، فنکاروں، میڈیا سے وابستہ افراد اور ہر سیاسی رجحان رکھنے والی جماعت کی آپس میں ہم آہنگی اور یکجہتی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اے ایران کے بہادر عوام! آپ کی جانب سے وطنِ عزیز کے دفاع میں جو قومی اور متحد ردعمل سامنے آیا، وہ 12 روزہ جنگ کے بعد خدا کے فضل، رہبر معظم کی بصیرت، مسلح افواج کی شجاعت، انٹیلیجنس اداروں کی ہوشیاری، پولیس کی خدمت، سفارتی تدابیر اور سب سے بڑھ کر آپ کی حمایت سے کامیابی میں بدل گیا۔ صہیونی حکومت اور اس کے سرپرستوں کو پسپائی اختیار کرنی پڑی اور وہ جنگ بندی کی درخواست پر مجبور ہوئے۔

یہ بات سب پر واضح ہے کہ ایران امریکہ کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کے مرحلے میں تھا کہ صہیونی حکومت نے ایران کی سرزمین پر وحشیانہ حملہ کیا، جس میں خواتین، بچے، بے گناہ شہری، جوہری سائنسدان اور بہادر فوجی کمانڈر شہید ہوئے۔ ایران کی پالیسی ہمیشہ یہی رہی ہے کہ وہ کسی جنگ کا آغاز نہیں کرتا، لیکن جارحیت کا مقابلہ ضرور کرتا ہے۔

یہ عظیم اور تاریخی فتح ان لوگوں کی مرہونِ منت ہے جنہوں نے صبر، استقامت اور قربانی سے دشمن کو اس کے عزائم سے باز رکھا۔ ایرانی قوم نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ ایک متحد، وفادار اور فداکار قوم ہے جو ہر مشکل میں اپنے وطن کے ساتھ کھڑی رہتی ہے۔

ہم اس موقع پر پوری عاجزی کے ساتھ آپ عظیم قوم کا شکریہ ادا کرتے ہیں، جس نے قومی یکجہتی کے ساتھ ایک ناقابلِ تسخیر دیوار بنائی اور دشمن کو اس کے ناپاک ارادوں میں ناکام بنایا۔ ہمیں آپ کی خدمت پر فخر ہے۔

وزارت خارجہ کا فعال اور مؤثر کردار اس کامیابی کا ایک اہم سنگِ میل تھا، جسے سراہا جانا چاہیے۔

News ID 1933891

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha