مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب کے وزیر داخلہ اور حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے ایرانی ادارہ حج و زیارت کے سربراہ علی رضا بیات سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان حج سے متعلق تعاون اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وزیر داخلہ نے ملاقات میں کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان بہتر تعلقات خوشی کا باعث ہیں جس کا فائدہ نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ پورے خطے اور عالم اسلام کو ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اپنے تمام وسائل کو اللہ کے مہمانوں کی خدمت کو اپنے لیے باعث افتخار سمجھتا ہے۔
شہزادہ عبدالعزیز نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب میں نافذ قوانین و ضوابط کا احترام تمام زائرین کے تحفظ اور سکون کے لیے ضروری ہے۔ اُنہوں نے ایرانی حکام اور زائرین کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ باہمی ہم آہنگی جاری رہے گی۔
اس موقع پر ایرانی ادارہ حج و زیارت کے سربراہ علی رضا بیات نے ایرانی حجاج کے لئے انتظامات اور سہولیات فراہم کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم حج کے امور میں سعودی عرب کے ساتھ قریبی تعاون اور مسائل کے حل کے لیے روابط مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران اور سعودی عرب کے تعلقات میں بہتری دیکھنے میں آرہی ہے اور دونوں ممالک حج جیسے اہم مذہبی فریضے کو خوش اسلوبی سے انجام دینے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ