مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور سعودی عرب نے 2026ء کے حج انتظامات کے حوالے سے معاہدہ کر لیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان حج امور میں تعاون کا ایک اور اہم قدم ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ معاہدہ ایران کی حج و زیارت تنظیم کے سربراہ علی رضا رشیدیان اور سعودی وزیرِ حج و عمرہ توفیق بن فوزان الربیعہ کے درمیان سرکاری ملاقات میں طے پایا۔
مذاکرات کے دوران دونوں فریقین نے انتظامی اور خدماتی امور کو آسان بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار کو بہتر بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
رشیدیان نے کہا کہ بیت اللہ کے زائرین کی خدمت دونوں ممالک کے حکام کے لیے مشترکہ اعزاز ہے اور اس مقصد کے لیے منظم، شفاف اور مربوط منصوبہ بندی ضروری ہے۔ سعودی وزیر نے ایرانی وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تعمیری تعاون تمام عازمین کے لیے بہتر خدمات کا باعث بنے گا۔
رشیدیان نے مزید کہا کہ تمام پروگرام اور مناسک گزشتہ سال کی طرح عزت، وقار اور صحت کے احترام کے ساتھ ادا کیے جائیں گے، جسے سعودی وزیر نے بھی منظور کیا۔
معاہدے پر دستخط کے ساتھ ہی ایران کے 2026ء حج کے لیے عملی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے۔
آپ کا تبصرہ