مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے افریقی شخصیات کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران صحت، تجارت، صنعت، زراعت اور سیکورٹی سمیت مختلف شعبوں میں اپنی تمام مہارتیں اور صلاحیتیں افریقی ممالک کو منتقل کرنے کے لیے تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر پزشکیان نے تہران میں جاری تیسرے ایران-افریقہ اقتصادی تعاون اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے تاریخ میں کچھ ظالم افراد نے ہمیشہ ظلم و تجاوز کو اپنا طریقہ بنایا؛ دوسروں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا؛ بے گناہ لوگوں کو قتل کیا اور انسانیت کو پامال کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ آج بھی انسان کی شکل رکھنے والے کچھ لوگ سب سے زیادہ درندہ صفت، سفاک اور بے رحم مخلوقات بن چکے ہیں جو کسی ہچکچاہٹ کے بغیر معصوم انسانوں، خواتین، بچوں اور بزرگوں کا قتل عام کرتے ہیں۔ یہ سب مظالم انسانی لالچ اور حد سے بڑھی ہوئی خودغرضی کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم عقیدہ رکھتے ہیں کہ تمام انسان ایک ہی اصل اور ایک ہی جینیاتی بنیاد سے ہیں۔ کچھ چھوٹے جینیاتی فرق، رنگ و نسل اور چہرے کی تبدیلیاں پیدا کرتے ہیں، لیکن حقیقت میں ہم سب ایک ہی امت اور ایک جیسے انسان ہیں۔ انسانوں کے درمیان کوئی برتری نہیں، بلکہ اصل فضیلت انسانیت، صلاحیتوں اور دوسروں کی خدمت میں پوشیدہ ہے۔
صدر نے کہا کہ ایران اپنی تمام کامیابیوں اور مہارتوں کو افریقی اقوام کے ساتھ شیئر کرنے اور مختلف شعبوں جیسے صحت، تجارت، صنعت، زراعت اور سیکورٹی و دفاع میں تعاون کرنے کے لیے مکمل تیار ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ ہمیں ایک ایسا دنیا تعمیر کرنی چاہیے جہاں تمام انسان امن، سلامتی اور خوشحالی کے ساتھ زندگی بسر کرسکیں، اور اس قلیل وقت میں جو خدا نے ہمیں عطا کیا ہے، ہم ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور انسانیت کے ساتھ جینے کی کوشش کریں۔ ہمیں نفرت، تشدد اور عداوت کے بجائے دوستی، محبت، بھائی چارے اور قربت کے بیج بونے چاہئیں تاکہ انسانیت کے درمیان قریبی تعلقات اور باہمی احترام فروغ پائے۔
صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ افریقی مہمان اپنے قیام کے دوران ایرانی ماہرین اور منتظمین کے ساتھ قریبی تعلقات اور مضبوط روابط قائم کریں گے۔
آپ کا تبصرہ