مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، نیدرلینڈز میں قائم اسلامی جمہوری ایران کے سفارت خانے نے یورپ میں کسی بھی دہشت گردانہ کارروائی میں مداخلت کے دعووں کو بے بنیاد اور سیاسی قرار دیتے ہوئے ہالینڈ کی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کی سالانہ رپورٹ میں ایران پر لگائے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔
ایرانی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران خود دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے اور اس نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف بھرپور عزم اور عملی اقدامات کا مظاہرہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ نیدرلینڈز کی انٹیلی جنس ایجنسی نے ایک رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ جون 2024 میں دو افراد کو ایک ایرانی شہری کے قتل کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ اس مبینہ واقعے کے بعد ایرانی سفیر کو ہالینڈ کی وزارت خارجہ میں طلب بھی کیا گیا۔
سفارت خانے نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ یہ بے بنیاد دعوے بعض افراد کی جانب سے سیاسی فائدے حاصل کرنے اور خود کو مظلوم ظاہر کرنے کی کوشش ہیں تاکہ میزبان حکومت سے امتیازی سلوک حاصل کیا جاسکے۔
بیان میں اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا کہ ایسے بہت سے افراد اور تنظیمیں جو ایران میں دہشت گردی میں ملوث رہ چکے ہیں، یورپی ممالک میں حکومتوں کے زیر سایہ آزادانہ ایران مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
آپ کا تبصرہ