مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت ٹرانسپورٹ نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے مشرقی سرحدی علاقوں کو عمان کے سمندر سے ملانے والی اہم ریلوے لائن مارچ 2026 تک مکمل ہو جائے گی۔ یہ منصوبہ ایران کی چابہار بندرگاہ کو زاہدان شہر سے جوڑے گا، جو پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب واقع ہے۔
وزارت ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق، یہ 634 کلومیٹر طویل ریلوے لائن چابہار اور زاہدان کے درمیان بچھائی جائے گی اور اس کیلنڈر سال کے دوران اس منصوبے کو مکمل کیا جائے گا۔
وزیر ٹرانسپورٹ فرزانہ صادق نے کہا کہ ایران چاہتا ہے کہ یہ ریلوے لائن مزید شمالی سرحد تک بڑھائی جائے تاکہ ٹرکوں کی نقل و حرکت اور مال کی ترسیل کے عمل کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
چابہار-زاہدان ریلوے لائن کا یہ منصوبہ ایران کے جنوب مشرقی علاقوں میں اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھانے اور ہندوستانی سمندر کے راستے افغانستان اور وسطی ایشیا کے دیگر خشکی میں گھری ریاستوں تک مال کی ترسیل کو آسان بنانے کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔
یاد رہے کہ بھارت، جو چابہار بندرگاہ کی ترقی میں ایران کا پارٹنر تھا، نے ابتدائی طور پر اس منصوبے میں تعاون کا وعدہ کیا تھا لیکن امریکی پابندیوں کے خوف سے وعدہ خلافی کی اور منصوبے سے اپنے ہاتھ کھینچ لیے تھے۔
آپ کا تبصرہ