مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے معاون خصوصی برائے پارلیمانی امور شہرام دبیری کو عہدے سے برطرف کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب تصدیق ہوئی کہ دبیری نے نوروز کی تعطیلات کے دوران تفریحی سفر پر قطب جنوبی کا رخ کیا تھا۔
صدر کی جانب سے جاری کردہ تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ ملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال اور عوامی مشکلات کے پیش نظر کسی بھی حکومتی عہدیدار کا مہنگا تفریحی سفر خواہ وہ ذاتی خرچ پر ہی کیوں نہ ہو، سادگی، دیانت اور عوامی خدمت کے اصولوں سے متصادم ہے۔
صدر پزشکیان نے حکم نامے میں لکھا ہے کہ ایسی حکومت جو مولائے متقیان حضرت علیؑ کے طرز حکمرانی کو مشعل راہ سمجھتی ہے، اس کے لیے یہ کسی بھی طور پر قابل قبول نہیں کہ اس کے عہدیدار عوام کی معاشی مشکلات کے دوران عیش و آرام اور تفریحی سفر میں مشغول ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دبیری کی سابقہ خدمات اور دیرینہ رفاقت کے باوجود، صداقت، عدالت اور عوام سے کیے گئے وعدوں کو ہر چیز پر فوقیت دی جائے گی۔ یہی وجہ ہے کہ ان سے مزید خدمات نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مبصرین کے مطابق یہ فیصلہ صدر پزشکیان کی سادگی، شفافیت اور احتساب پر مبنی پالیسیوں کا تسلسل ہے، جس کا مقصد عوامی اعتماد بحال رکھنا اور حکومتی نظم و نسق میں اصولی رویہ اور کفایت شعاری کو فروغ دینا ہے۔
آپ کا تبصرہ