مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ہالینڈ کے وزیر خارجہ کاسپارولڈ کیمپ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے دو طرفہ تعلقات اور خطے سمیت بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران عراقچی نے ایران کے پرامن جوہری پروگرام کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ایران ہمیشہ برابری کی بنیاد پر حقیقی مذاکرات کے لیے تیار ہے تاہم اس کے لیے تعمیری ماحول فراہم کرنے کے ساتھ دھمکیوں، بلیک میلنگ اور دباؤ سے گریز کرنا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے امریکی حکام کے دھمکی آمیز بیانات کو اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا اور خبردار کیا کہ ایران اپنی خودمختاری، قومی سالمیت اور مفادات کے خلاف کسی بھی اقدام کا فوری اور فیصلہ کن جواب دے گا۔
عراقچی نے اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی بین الاقوامی قوانین کے تحفظ کی ذمہ داری یاد دلاتے ہوئے امریکی اشتعال انگیز بیانات کے خلاف یورپی یونین کے خاموش رہنے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ بیانات عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
اس موقع پر ہالینڈ کے وزیر خارجہ نے مشرق وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا اور ایران سے بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی کی سیکورٹی میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔
آپ کا تبصرہ