مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے یمن میں امریکی فوجی حملوں کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کی شہادت اور بنیادی انفراسٹرکچر کی تباہی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان حملوں کو کھلی جارحیت اور جنگی جرائم سے تعبیر کیا ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی خاموشی کو شرمناک اور ناقابل قبول قرار دیا۔
ترجمان نے غزہ میں صہیونی حکومت کے حالیہ حملوں میں سینکڑوں فلسطینی خواتین اور بچوں کے قتلِ عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو ممالک اسرائیل کو فوجی، مالی اور سیاسی مدد فراہم کر رہے ہیں، وہ ان جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔
بقائی نے اس بات پر زور دیا کہ یمن پر امریکی حملوں اور غزہ میں جاری نسل کشی کے درمیان ہم آہنگی اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے امت مسلمہ کو کمزور کرنے اور فلسطینی عوام کی حمایت کو ختم کرنے کے لیے مشترکہ سازش تیار کر رکھی ہے۔
انہوں نے اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی مظالم اور امریکی جارحیت کو روکنے کے لیے عملی اور فوری اقدامات کریں اور اسلامی تعاون تنظیم کو اس مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کرنے پر مجبور کریں۔
آپ کا تبصرہ