22 نومبر، 2024، 7:34 PM

آزاد ممالک کا اتحاد تسلط پسند نظام کی کھلی شکست ہے، ایرانی وزیر دفاع

آزاد ممالک کا اتحاد تسلط پسند نظام کی کھلی شکست ہے، ایرانی وزیر دفاع

ایرانی وزیر دفاع نے کہا: آزاد ریاستوں کے درمیان اتحاد کا مطلب سامراج اور اس کے تسلط پسندانہ نظام کی شکست ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور وینزویلا کے درمیان اقتصادی تعاون کے مشترکہ کمیشن کے دسویں اجلاس کی اختتامی تقریب وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ایرانی وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عزیز  ناصر زادہ کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔

 اس تقریب میں ایرانی وزیر دفاع جنرل ناصر زادہ نے اس کمیشن کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا: جغرافیائی فاصلہ دونوں ملکوں کے تعلقات اور مضبوط دوستی میں کبھی رکاوٹ نہیں بنے گا، وینزویلا اور ایران گہرے تعلقات کے حامل دوست ممالک ہیں۔

انہوں نے وینزویلا کی حکومت اور عوام کو ایرانی قیادت اور صدر کا پیغام پہنچاتے ہوئے مزید کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ امریکہ کی قیادت میں عالمی استکبار ہمیشہ آزاد اقوام اور حکومتوں پر برتری کا خواہاں ہے جو یک قطبیت سے پاک دنیا چاہتے ہیں، بلاشبہ اس سربراہی اجلاس کے انعقاد کا سب سے اہم پیغام آزاد حکومتوں کے درمیان اتحاد اور سامراج اور اس کے تسلط پسندانہ نظام کی شکست ہے۔

 بریگیڈیئر جنرل ناصر زادہ نے اس اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وینزویلا کے کمیشن کے سربراہ رامون ویلاسکیز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کمیشن یقیناً اہم معاہدوں کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم موڑ کی حیثیت اختیار کرچکا ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ سربراہی اجلاس دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا۔

 انہوں نے ایران اور وینزویلا کے سائنسی اداروں اور نجی شعبوں کی حمایت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے ایرانی سیکشن کے رکن ہونے کے ناطے ہم دونوں ممالک کے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ خاص طور پر سائنسی اداروں کے درمیان تعاون کو آسان بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ 

 جنرل ناصر زادہ نے کہا کہ میں اپنی تقریر کا اختتام وینزویلا کے آنجہانی رہنما ہوگو شاویز کے اس جملے پر کرنا چاہوں گا کہ محبت کا بدلہ محبت سے دیا جاتا ہے۔

اس اجلاس میں صدر مادورو نے کہا کہ یہ اجلاس ایران کے ساتھ ہمارے مشترکہ تعلقات کا ایک نیا باب ہے اور ہم فلسطینی عورتوں اور بچوں کے خلاف ہونے والے جرائم کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہم فلسطینی عوام کے حقوق کی جد و جہد میں شریک ہیں اور یقینا فلسطین انسانیت کی حمایت سے جیتے گا۔

News ID 1928302

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha