مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے مذہبی شہر قم میں جامعہ روحانیت بلتستان کی جانب سے سید شہدائے مقاومت شہید حسن نصراللہ کے لئے مجلس ترحیم اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا۔
اس عظیم الشان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے استاد حوزہ حجت الاسلام والمسلمین شیخ یوسف عابدی نے کہا کہ مقاومت در اصل خدا کی راہ میں باطل کے خلاف ہمہ جانبہ جد و جہد اور عملی جہاد کا نام ہے۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ موجودہ عالمی منظرنامہ صدر اسلام کی جنگ احزاب کا نقشہ پیش کر رہا ہے، جہاں ساری کافر اور مشرک قوتیں اسلام کے خلاف محاذ آرا تھیں، آج بھی غاصب صیہونی رجیم کی حمایت میں عالمی استکبار امریکہ اور اس کے لے پالک یورپی ممالک سمیت خطے کے بزدل عرب حکمران ایک محاذ پر نظر آتے ہیں جب کہ ان کے مقابلے میں محور مقاومت تنہا لیکن پوری طاقت کے ساتھ میدان میں کھڑا ہے، جس نے اقوام عالم کو ظالم اور جابر طاقتوں کے خلاف مزاحمت کا شعور بخشا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید سید حسن نصراللہ قرآن کی رو سے بیان کردہ صاحبان استقامت کی حقیقی تصویر تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی غاصب رجیم اور عالمی استکبار سے پنجہ آزمائی میں گزاری اور راہ استقامت پر ہی جام شہادت نوش کیا۔
آپ کا تبصرہ