مہر نیوز کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے آج ایران اور ترکمانستان کے درمیان تعاون کی یادداشت پر دستخط کے موقع پر کہا: یہ ہمارے لیے ایک مبارک دن تھا، ہم ترکمانستان کے عزیز رہنما کی خدمت میں تھے،ہم نے اچھی اور موثر گفتگو کی اور ہمارے اور ترکمانستان کے درمیان اسٹریٹجک معاہدے طے پائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ معاہدے دیگر شعبوں میں تعاون کا باعث بنیں گے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ہمیں یہ بھی امید ہے کہ وہ اور ہمارے دیگر مہمان ایران میں اچھا وقت گزاریں گے اور انشاء اللہ ہم جلد ہی اشک آباد میں ایک دوسرے سے ملیں گے۔
اس موقع پر ترکمانستان کے قومی رہنما بردی محمدوف نے بھی کہا کہ سب سے پہلے ہم معزز حکام بالخصوص ایران کے صدر کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔ ہم نے ہمیشہ اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ برادرانہ تعاون کو اہمیت دی ہے اور اس تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ ان تعلقات اور تعاون کو بڑھانے کی کوشش کی۔ جیسا کہ صدر محترم نے ذکر کیا کہ بات چیت کے نتیجے میں کئی تعاون کی دستاویزات پر دستخط ہوئے۔
ترکمانستان کے قومی رہنما نے کہا کہ میں ایرانی بھائیوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ ترکمانستان ایک ایسا ملک ہے جس کی غیر جانبداری کا دو بار بین الاقوامی فورمز میں اعلان کیا گیا اور دونوں بار ہی ایران نے اس کی حمایت کی۔
بردی محمدوف نے کہا کہ ہمارے پاس گیس، توانائی، بجلی، سڑک اور ٹرانزٹ کے شعبے میں بہت سے تجارتی اور اقتصادی تعاون کے بڑے منصوبے تھے اور ہمیں امید ہے کہ ان منصوبوں پر عمل درآمد کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ ان منصوبوں کا فالو اپ کمرشل کوآپریشن کمیشن کو سونپا گیا ہے اس لیے ہمیں پورا یقین ہے کہ یہ منصوبے نہ صرف دوطرفہ سطح پر بلکہ پورے خطے اور دنیا میں موثر ثابت ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے دونوں ملکوں کے درمیان گزشتہ برسوں میں ہمیشہ دوستی اور ثقافتی روابط کو دیکھا ہے۔ مستقبل قریب میں ہم ایک شہید شاعر کے بارے میں ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کریں گے اور میں اپنے برادر (صدر پزشکیان) کو اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔
آپ کا تبصرہ