24 جولائی، 2024، 3:13 PM

امریکی کانگریس سے نتن یاہو کا خطاب، اراکین کانگریس کا بائیکاٹ

امریکی کانگریس سے نتن یاہو کا خطاب، اراکین کانگریس کا بائیکاٹ

امریکی کانگریس کے اہم اراکین نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی پر احتجاج کرتے ہوئے صہیونی وزیراعظم کے خطاب کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ صہیونی وزیراعظم نتن یاہو بدھ کے روز امریکی کانگریس سے خطاب کریں گے۔ غزہ میں جاری بحران اور فلسطینیوں پر مظالم کی وجہ سے عالمی سطح پر صہیونی حکومت کے خلاف نفرت میں اضافہ ہورہا ہے۔

صدر جوبائیڈن انتظامیہ کی دعوت پر اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو امریکی کانگریس سے خطاب کریں گے تاہم ڈیموکریٹ اراکین ان کے خطاب کا بڑے پیمانے پر بائیکاٹ کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔

یہودی سینیٹر برنی سینڈرز، ٹم کین، کرن ون ہولن، جمز کلیبرن ان اراکین میں شامل ہیں جو اب تک نتن یاہو کے خطاب کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

برنی سینڈرز نے کانگریس سے نتن یاہو کے خطاب کو امریکہ کے لئے شرم کا باعث قرار دیا ہے۔

فلسطینی نژاد رکن کانگریس رشیدہ طلیب نے ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ کانگریس سے نتن یاہو کا خطاب غزہ سے فلسطینیوں کے انخلاء کا جشن شمار ہوگا۔ کانگریس کے اراکین کی جانب سے غزہ میں جنگی جرائم میں ملوث نتن یاہو کے خطاب پر تالیاں بجانا انتہائی افسوسناک ہوگا۔

امریکی قانون دان رکن کانگریس کوری بش نے کہا ہے کہ ان مواقع پر باتوں تک محدود رہنے کے بجائے کانگریس کے خطاب کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اکسیوس نے باخبر ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق 50 سے 100 اراکین کانگریس نتن یاہو کے خطاب کا بائیکاٹ کرسکتے ہیں۔

News ID 1925572

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha