مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی شہادت پر سماجی رابطہ کے پلیٹ فارم ایکس پر تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔
مکمل متن:
انا للہ و انا الیه راجعون
عالم، مجاھد، خادم امام رضا (ع) و خادم امت اسلامی، عظیم انقلابی رہنما آیت اللہ ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی شہادت نما وفات صرف ایرانی قوم کے لئے نہیں بلکہ امت مسلمہ کا بہت بڑا نقصان اور ہم سب کا مشترکہ غم ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ کے اس عظیم فرزند کی زندگی امت کی سربلندی، مظلوموں کی حمایت، فلسطین کی آزادی اور مستضعف و کمزور انسانوں کی مدد کے لئے وقف تھی، یتیمی میں بچپن گزارنے کی وجہ سے وہ غریبوں اور محتاجوں کے درد کو بخوبی سمجھتےتھے۔
چیف جسٹس، حرم امام رضا (ع) کی سربراہی اور صدر مملکت جیسے مختلف اور بڑے عہدوں پر خدمت کے باوجود ان کا ۱۲۰ گز کا ذاتی چھوٹا سا مکان اور ایک پرانی کار، ان کے قد، تقوی، پارسائی اور ان کی دنیا سے بے رغبتی کاثبوت تھا۔ ان کی راتوں کی مناجاتیں، عبادات، اللہ کی بارگاہ میں گریہ و زاری، ان کے دل کی نورانیت اور پاکیزگی کی علامات تھیں۔
شہید سید ابراہیم رئیسی کی خدمت خلق کاجزبہ دیدنی اور تمام دنیا کے رہنماؤں کےلئے عظیم نمونہ تھا۔ ان کی زندگی کا سب سے بڑا ہدف مخلوق کی خدمت اور اس کے لئے شب و روز کی انتھک محنت تھا۔ سید کی حادثاتی شہادت نے دنیا بھر کے حریت پسند، استعمار ستیز اور پاکیزہ فطرت انسانوں کو سوگوار کر دیا ہے۔ اس عظیم سانحہ پر ہم امام زمان عج، رہبر معظم، ایرانی قوم اور تمام دنیا کے پاکباز مجاہد صفت انسانوں کو تسلیت عرض کرتے ہیں۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ اس سانحہ کے تمام شہداء کو شہداء کربلا کے ساتھ محشور فرمائے۔ الہی آمین!
آپ کا تبصرہ