9 نومبر، 2023، 7:59 AM

غزہ میں قتل عام کے واقعات خطے کے بارے میں امریکی عزائم کا مظہر ہیں، صدر رئیسی

غزہ میں قتل عام کے واقعات خطے کے بارے میں امریکی عزائم کا مظہر ہیں، صدر رئیسی

ایران اور تاجکستان کے تاجروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر رئیسی نے کہا کہ غزہ میں بے گناہ خواتین اور بچوں کا قتل عام امریکہ اور اس کے حواریوں کے خطے کے بارے میں عزائم سے پردہ اٹھارہا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر آیت اللہ رئیسی نے تاجکستان کے سفر کے دوران دونوں ملکوں کے تاجروں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور تاجکستان کے درمیان تاریخی اور ثقافتی روابط گہرے اور ناقابل انکار ہیں۔ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم کرسکتے ہیں لہذا متعلقہ شعبوں کے حکام کو چاہئے کہ اس حوالے سے مزید فعال کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے صنعت، زراعت، تعلیم، طب اور جدید ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں قابل ذکر ترقی کی ہے جس کو اپنے ہمسایہ ملک تاجکستان تک منتقل کرنے کا خواہمشند ہے۔

انہوں نے دونوں ملکوں کے تاجروں کے درمیان روابط اور تعاون میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے کے لئے موجود مواقع اور فرصتوں سے آگاہ ہونے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ مختلف مصنوعات کی نمائشگاہ رکھی جائے اور دونوں ملکوں کے متعلقہ افراد کو دعوت دی جائے۔

صدر رئیسی نے تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کے لئے سفری سہولیات اور تجارتی قوانین میں آسانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دوسرے ممالک اگر ہمارے تعلقات سے خوش نہیں ہیں تو ہمیں اس کی فکر نہیں کرنا چاہئے ہمیں اپنے مفادات کو مدنظر رکھنا چاہئے۔ ایران تاجکستان کی ترقی کو اپنی ترقی سمجھتا ہے لہذا مشترکہ طور پر ترقی کے لئے ہر ممکن اقدام انجام دے گا۔

انہوں نے امریکہ اور مغربی ممالک کی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جاری خواتین اور بچوں کا قتل عام امریکہ اور اس کے حامی ممالک کی خطے کے بارے میں سوچ اور پالیسی کی عکاسی کرتے ہیں۔ ہم اللہ پر توکل اور اپنے زور بازو پر اعتماد کرتے ہوئے امریکہ اور سامراجی ممالک کو مداخلت کا موقع نہیں دیں گے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیے ہیں اب اگلے مرحلے میں آپ لوگوں نے عملی کام شروع کرنا ہے۔

اجلاس کے دوران تاجکستان کے صدر امامعلی رحمان نے بھی خطاب کیا اور ایران اور تاجکستان کے درمیان تعلقات اور دونوں ممالک کی ترقی کے لئے ضروری قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر اور توسیع دینا تاجکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ دونوں ممالک کے متعلقہ حکام کو اس حوالے سے زیادہ فعالیت دکھانے کی ضرورت ہے۔

News ID 1919898

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha