مہر خبررساں ایجنسی نے شہاب نیوز کے حوالے سے خبر دی ہے کہ لبنانی حکومت کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نجیب میقاتی، وزیر خارجہ عبداللہ بو حبیب اور اقوام متحدہ کی نگران فورسز کے کمانڈر جنرل ایرالڈو لاریزو کے درمیان لبنانی سرحدوں کے حوالے سے مشترکہ میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں لبنانی وزیراعظم نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ غاصب صہیونی حکومت کو سرحدوں کی خلاف ورزی سے روکا جائے۔
نجیب میقاتی نے اس موقع پر انتباہ کیا کہ غاصب اسرائیل کی جانب سے سرحدوں پر مزید اشتعال انگیزی کی صورت میں دونوں ملکوں کے درمیان جنگ چھڑ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لبنان اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کرنے کو لازمی سمجھتا ہے۔ لبنانی اور اقوام متحدہ کی فورسز کے درمیان تعاون سے سرحدوں پر امن و امان کی صورتحال بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔
نجیب میقاتی نے مزید کہا کہ ہم غاصب صہیونی حکومت سے ہماری غصب شدہ سرزمین کو واپس لینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
اس سے پہلے المنار چینل کے خبرنگار نے ٹوئیٹر پر کہا تھا کہ اسرائیل لبنان کی سرحد پر غیر قانونی تعمیراتی کاموں میں مصروف ہے۔ جنوبی لبنان کے سرحدی علاقے العدیسہ میں صہیونیوں کی مشکوک سرگرمیوں کے بعد لبنانی فوج الرٹ ہوگئی ہے۔
آپ کا تبصرہ