27 مئی، 2023، 9:21 AM

انسانی تمدن کو امریکہ اور چین کے فوجی تصادم سے خطرہ ہے، ہنری کسنجر

انسانی تمدن کو امریکہ اور چین کے فوجی تصادم سے خطرہ ہے، ہنری کسنجر

دونوں ممالک کے درمیان جنگ کی صورت میں جنگ عظیم اول سے بھی زیادہ تباہی پھیلے گی۔ عالمی پالیسی سازوں کو باہمی مذاکرات پر زیادہ توجہ دینا چاہئے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی سابق وزیرخارجہ اور نامور سیاست دان ہنری کسنجر نے وال سٹریٹ جرنل کو انٹرویو دیتے ہوئے انتباہ کیا ہے کہ امریکہ اور چین کی موجودہ کشیدگی کے نتیجے میں دونوں ملکوں میں جنگ ہوسکتی ہے۔ چین کی موجودہ طاقت کو دیکھتے ہوئے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ ملک مستقبل میں امریکہ کے لئے خطرہ بنے گا جس سے دونوں کے درمیان جنگ چھڑسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور چین کے اپنے اپنے نظریات ہیں اور ثقافتی حوالے سے ایک دوسرے کے رقیب ہیں۔ حالیہ دنوں میں جنوبی چین کے سمندروں میں ہونے والی کشیدگی کے باعث فوجی تصادم بھی ہوسکتا ہے۔ ان حالات میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا دونوں ملکوں کے درمیان جنگ سے گریز کیا جاسکتا ہے یا مسلح تصادم یقینی ہے؟

انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تصادم کی صورت میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مہلک ہتھیار رکھتے ہیں جس کی وجہ سے اگر جنگ ہوئی تو انسانی تمدن کو خطرہ لاحق ہوجائے گا۔

اس سے پہلے بھی ہنری کسینجر نے امریکی ٹی وی سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی جاری رہی تو جنگ سے کوئی نہیں روک سکتا ہے۔ اس جنگ کے نتیجے میں دنیا کا وجود خطرے میں پڑجائے گا۔ اس حوالے سے اگلے 30 سال امریکہ کے لئے بہت اہم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین حالیہ سالوں میں نہایت سرعت کے ساتھ ترقی کی ہے اور دنیا کی دوسری بڑی طاقت بن گیا ہے۔ امریکہ اب بھی اس زعم میں مبتلا ہے کہ چین سے جنگ کی صورت میں کامیابی اس کا مقدر ٹھہرے گی یہی سوچ ہمیں چین کے مقابل میں کھڑا کررہی ہے۔ اوباما اور ٹرمپ کے دور اقتدار میں یہ سوچ واضح تھی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تنہا پوری دنیا کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اگر جنگ ہوجائے اور دونوں میدان میں اترجائیں تو دنیا میں ایسی تباہی آئے گی جو جنگ عظیم اول میں بھی نہیں دیکھی گئی تھی۔

انہوں نے مستقبل میں درپیش خطرات کے پیش نظر کہا کہ امریکہ اور دوسرے ممالک کی خارجہ پالیسی بنانے والوں کی ذمہ داری ہے کہ حالات کو کنٹرول کرنے کے لئے باہمی گفتگو اور مذاکرات شروع کریں۔

News ID 1916744

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha