22 اپریل، 2023، 1:47 AM

میرا ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ان آزمائشوں سے نجات عطا فرمائے گا، پاکستانی وزیراعظم

میرا ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ان آزمائشوں سے نجات عطا فرمائے گا، پاکستانی وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے عید الفطر پر عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مشکل دور میں صاحب ثروت لوگ آگے بڑھ کر ضرورت مندوں کی مدد کریں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت تمام عالم اسلام کو مبارک پیش کرتا ہوں۔ میری دعا ہے کہ یہ مبارک گھڑی ہم سب کی زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور خوشیاں لے کر آئے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے روزوں اور عبادات سے ہماری زندگی میں صبر، قناعت اور دوسروں کے احساس کا جو جذبہ پیدا ہوا عیدالفطر پر اس کے عملی اظہار کا بھی ایک موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے اردگرد ضرورت مندوں، محتاجوں، یتیموں اور ناداروں کے ساتھ صلہ رحمی کا مظاہرہ کریں، یہ مشکل دور ہے جس میں صاحب ثروت کے ایثار ومحبت کی عام حالات سے زیادہ ضرورت ہے۔ ان سب کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں جو مشکلات کے جبر کا شکار ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اتحادی حکومت کی مسلسل کوشش رہی ہے کہ درپیش معاشی مشکلات کا کم سے کم بوجھ عوام تک پہنچے، ہم ہر ممکن حد تک ریلیف عوام تک پہنچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ میرا ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ان آزمائشوں سے نجات عطا فرمائے گا اور انشاء اللہ ہم آپ کی زندگیوں میں آسانیاں واپس لوٹائیں گے۔


انہوں نے کہا کہ ہم سب کو پاکستان کی بہتری کی تعمیری سوچ، یکسوئی اور مسلسل محنت سے اپنا کھویا ہوا مقام اور منزل تک پہنچنا ہے۔ جس طرح صیام کے مہینے کے بعد میٹھی عید آتی ہے، ان شاءاللہ ہماری محنت ومشقت ملک وقوم کی زندگی میں معاشی بہتری کی عید لائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم وطنوں سے گزارش ہے کہ عید کے موقع پر سیلاب متاثرین کو نہ بھولیں، انہیں اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔

شہباز شریف نے عید الفطر کے موقع پر دہشت گردی کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے شہدائے وطن کو بھی سلام پیش کرتے ہوئے اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی اور دعا کی اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر دے۔ آمین

وزیراعظم نے کہا کہ ہم  اپنے فلسطینی اور کشمیری بھائیوں بہنوں کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعاکرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔ آمین

انہوں نے کہا کہ اس گھڑی میں ہم ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ بھی یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں، ان کے پیاروں کی جدائی کے غم میں ان سے ہمدردی کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت ، پسماندگان کے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سمیت دیگر ممالک میں ہفتہ 22 اپریل کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عید الفطر کا تہوار منایا جائے گا۔

News ID 1916036

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha