مہر خبررساں ایجنسی نے اسپوتنک نیوز ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ روسی صدارتی دفتر (کریملن) نے ماسکو میں روس اور چین کے صدور کے درمیان ہونے والی آج کی ملاقات کے بارے میں اطلاع دی ہے۔
اس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کریملن میں اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ ماسکو اور بیجنگ کے مابین بہت سے مشترکہ مفادات اور اہداف ہیں۔ روس اور چین کے درمیان تعلقات کی توسیع کیلئے اہم اقدامات کئے گئے ہیں اور اس تسلسل میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تبادلے میں اضافہ ہو کر 185 بلین ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
روسی صدر نے مزید کہا کہ ہم نے یوکرائن کی صورتحال پر چین کے ثالثی کردار کا بغور جائزہ لیا ہے، لہذا روس ہمیشہ مذاکراتی عمل شروع کرنے کیلئے تیار ہے اور چین کے امن منصوبے کا احترام کرتاہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روس مذاکراتی عمل کیلئے ہمیشہ تیار رہا ہے اور یوکرائن کے تعلق سے چین کے ثالثی کردار کا بھی احترام کرتا ہے۔
پوتن نے شی جن پنگ کو چین کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد بھی پیش کی۔
رپورٹ کے مطابق، اس ملاقات میں چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے روسی ہم منصب سے مخاطب ہو کر کہا کہ مجھے یقین ہے کہ 2024ء کے انتخابات میں روسی عوام آپ کو دوبارہ منتخب کریں گے۔
چینی صدر نے کہا کہ دنیا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر، دوطرفہ تعاون اور شراکت داری کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔ ہم چین کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے روسی مثبت نقطۂ نظر کی قدر کرتے ہوئے اہداف کے حصول کیلئے کوشش کریں گے۔
آپ کا تبصرہ