مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کا امن اور دوستی کا فلوٹیلا دو بحری جہازوں اور ایک آبدوز سمیت چار روزہ سرکاری دورے کے بعد گزشتہ روز کراچی بندرگاہ سے روانہ ہوا اور اس موقع پر ایران اور پاکستان کی بحری افواج کے درمیان مشترکہ مشقوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔
پاکستان کی بحریہ کے تعلقات عامہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے بحری بیڑے کا دورہ پاکستان خطے میں بحری مواصلاتی لائنوں اور ملاحوں کے تحفظ کے لیے علاقائی استحکام اور بحری سلامتی کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں پر تاکید کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایرانی فلیٹ کمانڈر اور ان کے ہمراہ عملے کے کراچی میں قیام کے دوران دونوں بحری افواج کے درمیان پیشہ وارانہ بات چیت، ملاقاتیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر ملاقاتیں ہوئیں۔
پاک بحریہ نے مزید کہا کہ اس دورے کے اختتام پر دونوں بحریہ کے درمیان بحری تعاون کو فروغ دینے کے لیے بحیرہ عرب کے شمالی پانیوں میں ٹرانزٹ مشق کا انعقاد کیا گیا۔پاک بحریہ کے تعلقات عامہ نے یہ بھی کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے بحری بیڑے کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امن کے لیے عزم کا مظہر ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ بدھ کے روز تہران اور اسلام آباد کے درمیان دفاعی سفارت کاری کے تسلسل اور بین الاقوامی پانیوں میں تحفظ فراہم کرنے میں شرکت کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے دو فریگیٹس اور ایک آبدوز نے جنوبی پاکستان میں کراچی کی بندرگاہ کا دورہ کیا۔
در ایں اثنا اسی دن پاک بحریہ کا امن اور دوستی کا فلوٹیلا بندر عباس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے پہلے نیول ریجن میں لنگر انداز ہوا۔
آپ کا تبصرہ