مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے جمعہ کو فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔
وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ایرانی سفیر کا خیرمقدم کیا اور پاکستان اور ایران کے درمیان صدیوں پرانی مذہبی اور ثقافتی وابستگیوں پر مبنی گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔
وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے پڑوسی ملک کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم بہترین لیول پر نہیں ہے، پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ کرنے کے سلسلہ میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے وزیر خزانہ کو وزارت خزانہ کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی ثقافتی، اقتصادی، تجارتی اور سیاسی دوطرفہ تعلقات پر بھی زور دیا اور برادرانہ تعلقات کو بڑھانے کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان توانائی، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھانے کے لئے سرحدی منڈیاں کھولنے، بارٹر ٹریڈ، آزاد تجارتی معاہدے اور باہمی سرمایہ کاری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ اور ایرانی سفیر نے باہمی دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
آپ کا تبصرہ